بہادرآباد سے اغواء کی گئی 3 ماہ کی بچی کورنگی سے بازیاب

December 21, 2020

کراچی میں پولیس کے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کورنگی نمبر 5 میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ قبل چار مینار چورنگی بہادرآباد سے اغوا کی جانے والی 3 ماہ کی ننھی بچی ہما کو بازیاب کروا کر اغواکار خاتون ماریہ کو گرفتار کرلیا۔

کمسن ہما کے والد محمد امجد نے 21 نومبر کو تھانہ نیو ٹاوٗن میں مقدمہ الزام نمبر 402/20 بجرم دفعہ 364A/369 ت پ درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کی بیٹی ہما کو ساتھ لے اس کی والدہ مسماۃ حنا اور پھوپی عذرہ دوائی لینے کیلئے بہادر آباد گئی تھیں۔

ترجمان اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے مطابق دودھ پلانے کے بہانے ملزمہ نے ننھی بچی ہما کو اس کی والدہ سے لیا اور فرار ہوگئی۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کے اسکی شادی کو عرصہ 6 سال گزر چکے تھے اور بے اولادی کے سبب اس نے اغوا کا یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔