میئر اسلام آباد کا الیکشن روکنے کی درخواست مسترد

December 22, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مئیر اسلام آباد کا الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی مئیرز مئیر کا الیکشن نہیں لڑ سکتے تاہم ووٹ ڈال سکتے ہیں ، مئیر اسلام آباد کا الیکشن 28 دسمبر کو ہو گا۔ واضح رہے کہ ڈپٹی میئر نے سردار تیمور اسلم ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں میئر کے الیکشن روکنے اور ڈپٹی میئرز کو الیکشن میں حصہ لینے کی استدعا کر رکھی تھی۔ دوران سماعت ن لیگی اور پی ٹی آئی ممبران نے میئر کا الیکشن روکنے کی استدعا بھی کی تھی جسے عدالت پہلے ہی مستردکرچکی تھی۔ وکلاءکے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا۔