پشاور کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

December 23, 2020


پشاور میں کورونا وائرس کے کیسز کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے ۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پشاور کے علاقوں حیات آباد ، گل آباد ، کوٹلہ خان اور حاجی کیمپ کے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جو آج شام 6 بجے سے نافذ العمل ہوگا۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن والے ان علاقوں میں صرف ضروری اشیاء کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 142 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 84 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 4 ہزار 415 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 55 ہزار 811 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 1 ہزار 563 ہو گئیں۔