حکومتی اتحادی کسی بھی لمحے علیحدگی کا اعلان کرسکتے ہیں، عظمیٰ بخاری

December 24, 2020

مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ چوہدری سرورپی ڈی ایم کی بجائے اپنے اتحادیوں کی فکر کریں، حکومتی صفوں میں موجودکچھ باضمیر لوگ حکومتی مافیا سے تنگ آچکے ہیں، حکومت کے اتحادی کسی بھی لمحے علیحدگی کا اعلان کرسکتے ہیں۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور کےبیان پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگرپی ڈی ایم کی تحریک ناکام ہورہی ہےتو گورنر ساہیوال سے الیکشن لڑنے کی تیاریاں کیوں کر رہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد لال، پیلے اور نیلے گھوڑے عمران خان کو تنہا چھوڑنے والے ہیں، موسمی پرندے نئے ٹھکانے تلاش کرنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے پنجرے سے بہت سے پرندے اڑان بھرنے کو تیار بیٹھے ہیں، گورنر پنجاب چوہدری سرور ان کے پیج کی نہیں، بلکہ اپنےصفحوں کی فکر کریں، ایک پیج کے دعوے کرنے والوں کے صفحے الگ الگ ہوچکے ہیں۔