محمد بخش مہر کے حلیے پر عدالت برہم

December 24, 2020

سندھ ہائی کورٹ نے درخواستِ ضمانت کی سماعت کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار محمد بخش مہر کے کمرۂ عدالت میں نامناسب حلیے میں پیش ہونے پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔

عدالتِ عالیہ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑونے محمد بخش مہر کو ہدایت کی کہ شرٹ کے بٹن بند کر کے کھڑے ہوں۔

قومی احتساب بیورو(نیب) کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ محمد بخش مہر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری جاری ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ محمد بخش مہر کے خلاف انکوائری کب مکمل ہو گی؟

نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ تفتیشی افسر اس سلسلے میں کام کر رہا ہے، انکوائری مکمل کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔

عدالتِ عالیہ نے نیب کو محمد بخش مہر کے خلاف انکوائری مکمل کرنے کے لیے 9 فروری تک مہلت دے دی۔

سندھ ہائی کورٹ نے سردار محمد بخش مہر کی عبوری ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع بھی کر دی۔