ایم کیو ایم نے میر جعفر اور میر صادق کی یاد تازہ کردی، انیس قائم خانی

December 24, 2020

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے صدر انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے مردم شُماری منظور کروا کر شہری سندھ کی پیٹھ میں خنجر گھونپا، اس نے میر صادق اور میر جعفر کی یاد تازہ کردی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس کو مسترد کرتے ہوئے انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ ان کی پریس کانفرنس آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش ہے۔

صدر پی ایس پی نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں متنازع مردم شُماری کی منظوری میں ایم کیو ایم کا دوغلہ کردار واضح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی غیظ و غضب کے خوف نے خالد مقبول کو حکومت چھوڑنے کا جھوٹا عندیہ دینے پر مجبور کیا۔

انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مردم شُماری منظور کروا کر شہری سندھ کی پیٹھ میں خنجر گھونپا، اس نے میر صادق اور میر جعفر کی یاد تازہ کردی ہے۔

صدر پی ایس پی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم حکومت سے ایک لمحے کی علیحدگی برداشت نہیں کرسکتی ہے، ایم کیو ایم کے وزراء اور عہدے داران پر سنگین مقدمات و الزامات ہیں۔