قائد اعظم کا یوم ولادت ملی جوش و جذبے کے ساتھ آج منایا جائے گا

December 25, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بانی پاکستان بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 144واں یوم ولادت ملی جوش و جذبے کے ساتھ آج منایا جائے گا، دن کا آغاز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے ہوگا، قائد اعظم محمد علی جناح کی روح کو ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خو انی کی جائے گی،وفاقی دارالحکومت میں 31؍ جبکہ صوبائی دارالحکومتوںمیں 21,21 توپوں کی سلامی دی جائےگی، مزار قائد پر پروقار تقریب میں گارڈز کی تبدیلی عمل میں آئے گی،پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس مزار قائد کی سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے،مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمر احمد بخاری ہوں گے،تقریب کا آغاز صبح آٹھ بج کر پانچ منٹ پر ہوگا،اعلیٰ حکومتی و عسکری شخصیات شرکت کرینگی اور مزارپر پھولوں کی چادر چڑھائیں گی گورنر سندھ عمران اسماعیل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کابینہ کے ارکان، سیاسی سماجی رہنما اور اعلیٰ سول حکام مزار پر حاضری دینگے مختلف سیاسی ، سماجی تنظیمیں سیمینارز، کانفرنس منعقد کریں گی جبکہ کیک کاٹنے کی تقاریب بھی منعقد ہوں گی۔