جیجی حدید نے پاکستانی آرٹسٹ کی مدد کیسے کی؟

December 29, 2020

پاکستانی آرٹسٹ میشا جاپان والا نے سوشل میڈیا صارفین کو بتادیا کہ عالمی وبا کے اس مشکل ترین دور میں فلسطینی نژاد امریکی سُپر ماڈل جیجی حدید نے اُن کی مدد کیسے کی تھی۔

نیویارک میں مقیم پاکستانی آرٹسٹ میشا جاپان والا نے انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن میں مداحوں کو بتایا کہ کیسے جیجی حدید نے کورونا وائرس کے اس دور میں اُن کی مدد کی تھی۔

میشا جاپان والا نے بتایا کہ ’جب وبائی مرض کورونا وائرس کا پھیلاؤ شروع ہوا تو اٰسی دوران میں فیشن انڈسٹری میں اپنی ملازمت سے محروم ہوگئی تھی۔‘

پاکستانی آرٹسٹ نے بتایا کہ ’اس کے بعد جیجی حدید نے مجھ سے رابطہ کیا اور مجھے نئی ملازمت دے کر میری مشکل آسان کی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جیجی حدید میری زندگی میں اللّہ کی ایک خاص نعمت بن کر آئیں جس کے لیے میں ہمیشہ اُن کی احسان مند رہوں گی۔‘

دوسری جانب جیجی حدید نے بھی میشا جاپان والا کی انسٹا اسٹوری اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی۔

واضح رہے کہ میشا جاپان والا نے جیجی حدید کے ’جیجی جرنل پارٹ II’میں اُن کے ساتھ کام کیا تھا جس میں پاکستانی آرٹسٹ کے کام کے علاوہ دُنیا بھر کے دیگر فنکاروں کا کام بھی شامل تھا۔

خیال رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک اور جیجی کے ہاں رواں برس ہی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

27 سالہ زین ملک اور 25 سالہ جیجی حدید کے درمیان ابتدائی طور پر 2015 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ متعدد بار دیکھا گیا جب کہ دونوں میڈیا میں ایک دوسرے سے محبت کا بھی کھلم کھلا اظہار کرتے تھے۔