آسٹریلوی ہائی کمشنر پاکستان کے ثقافتی ورثے سے مبہوت

December 31, 2020

پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا پاکستان کے ثقافتی ورثے سے مبہوت ہوگئے۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کٹاس راج مندر کی کچھ تصویریں شیئر کی ہیں۔

یہ تصویریں اُن کے حالیہ دورے کی ہیں جہاں اُنہوں کٹاس راج مندر کی تاریخ جاننے کی کوشش کی۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے ٹوئٹر پر تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے قدیم کٹاس راج مندروں کا دورہ کرنے اور اس کی دلچسپ تاریخ کے بارے میں جاننے سے لطف اٹھایا۔‘

ڈاکٹر جیفری شا نے لکھا کہ ’یہ پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثہ کی خوبصورت مثال ہے۔‘

اس سے قبل ڈاکٹر جیفری شا نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو اُن کے 145ویں یومِ پیدائش کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا تھا۔

اس ضمن میںآسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے اسلام آباد میں قائم ’یادگارِ پاکستان‘ یعنی ’پاکستان مونومنٹ‘ کا دورہ کیا تھا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے ٹوئٹر پر تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگارِ پاکستان کو دورہ کرنا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔‘