• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلوی ہائی کمشنر کا بھی بابائے قوم کو خراجِ عقیدت

پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو اُن کے 145ویں یومِ پیدائش کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے اسلام آباد میں قائم ’یادگارِ پاکستان‘ یعنی ’پاکستان مونومنٹ‘ کا دورہ کیا جس کی تصویریں اُنہوں نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویروں میں سے ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دیوار پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور مادرِ ملت فاطمہ جناح کا خاکہ بنا ہوا ہے۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے ٹوئٹر پر تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگارِ پاکستان کو دورہ کرنا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔‘

ڈاکٹر جیفری شا نے لکھا کہ ’جناح کا وژن جمہوریت، مساوات اور آزادی آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا اُس وقت تھا کہ جب اُنہوں نے 1947 میں پہلی بار پارلیمنٹ سے خطاب کیا تھا۔‘

خیال رہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 145 واں یوم ولادت منایا جارہا ہے۔

قیامِ پاکستان کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے بالآخر 11ستمبر 1948 کو ملت کا یہ روشن ستارہ دار فانی سے کوچ کرگیا لیکن رہتی دنیا تک یہ قوم اپنے عظیم قائد کی احسان مند رہے گی۔

تازہ ترین