ای یو ڈس انفولیب رپورٹ کا اجرا لائق تحسین ہے، جیمز شیرا

January 08, 2021

لندن (نیوز ڈیسک) سابق میئر رگبیکونسلر ڈاکٹر جیمس شیرا (ستارہ پاکستان) نے برسلز میں قائم یورپی یونین ڈس انفو لیبکی جانب سے جاری کی گئی اس رپورٹ کو سراہا ہے، جس میں بھارتی عناصر کی جعلی ویب سائٹ نیٹ ورک استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف مذموم مہم کو بے نقاب کیا گیا تھا۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف نفرت اور تشدد کا پیغام پھیلانے اور غیر ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کو خطرے میں ڈالنے کی ایسی کوششوں کی مذمت کی۔ ڈاکٹر شیرا نے کہا اس بے شرمی کے انکشاف میں کئی شناختوں کی چوری، ای یو اداروں کی حیثیت سے خود کو پیش کرنے، 750 سے زائدجعلی میڈیا آؤٹ لیٹس کے قیام، جن کے تحت 116 ممالک کا احاطہ کیا گیا تھا اور 550 ویب سائٹ کے ڈومین ناموں کے اندراج کی تفصیلات شامل ہیں۔ ڈاکٹر شیرا نے مزید کہا کہ یورپی یونین کی ڈس انفارمیشن لیب کی رپورٹ میں ہندوستان کی جانب سے گزشتہ 15 سال سے پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے یورپی یونین اور یو این ایچ سی آر کے فورمز میں کارروائیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ سری وستاوا گروپ ، ہندوستانی میڈیا ہاؤس اے این آئی اور ان کے ساتھی ڈیڑھ دہائی سے مردہ لوگوں کو زندہ کرنے اور اقوام متحدہ اور یورپی یونین کےسسٹمز کے ساتھ دھوکہ دہی کے ذریعہ عالمی سطح پر ایک خودمختار ملک کے امیج کو تباہ کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر کام کر رہے ہیں۔ڈاکٹر شیرا نے مزید کہا کہ ہم ، پاکستانی نژاد مسیحی برادری ، پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور شرپسند عناصر کا احتساب کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ بلا شبہ پاکستان میں اقلیتوں سے متعلق مسائل اور چیلنجز ہیں ، لیکن برطانیہ میں مقیم پاکستانی عیسائیوں کی حیثیت سے ، ہم ان معاملات کو حل کرنے کے لئےاپنی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ، اور اپنے پیارے ملک کو بدنام کرنے کی ان کوششوں کی مکمل مذمت کرتے ہیں۔ اس بیان کی تائید برطانیہ کے پاکستانی مسیحی رہنماؤں نے بھی کی ہے جن میں ڈاکٹر پیٹر ڈیوڈ ، کونسلر مورس جانز ، ایڈووکیٹ قمر شمس ، مسٹر مائیکل میسی، مسٹر سیمسن جاوید، آر ٹیریوڈ بشپ ڈاکٹر ندیم بھنڈر، مسٹر سلیم کھوکھر سابق ایم پی اے، مسٹر قمر رفیقاور مسٹر طاہیر سولومنشامل ہیں۔