کرن جوہر کا فرح خان کی شادی کی پیشکش پر انکار کا انکشاف

January 11, 2021

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ ہدایت کار و پروڈیوسر کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ فرح خان ان سے شادی کرنا چاہتی تھیں تاہم انہوں نے انکار کردیا۔ بھارتی ہدایتکارہ و پروڈیوسر فرح خان نے گزشتہ روز 56ویں سالگرہ منائی، جس پر ایک بھارتی ویب سائٹ نے فرح خان کی زندگی سے متعلق انتہائی دلچسپ اور حیران کن حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ فرح خان مشہور ہدایت کار و پروڈیوسر کرن جوہر سے شادی کرنا چاہتی تھیں۔اس بات کا انکشاف ایک انٹرویو میں خود کرن جوہر نے کیا جس میں فرح خان بھی موجود تھیں، کرن جوہر کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب فرح خان کو مجھ میں بہت دلچسپی تھی اور وہ مجھے پسند کرتی تھیں، ایک دفعہ جب فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کی شوٹنگ جاری تھی فرح خان رات میں میرے کمرے میں آئیں اور کہا کہ میرے کمرے میں بھوت ہے۔کرن جوہر نے مزید بتایا کہ فرح خان نے ایک بار کہا مجھ سے شادی کرلو تاہم میں نے فرح خان کی اس پیشکش کو ٹھکرادیا تھا اور شادی سے انکار کردیا، ویب سائٹ کے مطابق خود فرح خان نے شو کے دوران کرن جوہر کی اس بات کی تائید بھی کی۔واضح رہے کہ پروڈیوسر و ہدایتکارہ فرح خان نے 2004میں شریش کندر سے شادی کی تھی اور ان کے3بچے بھی ہیں جب کہ ان کے شوہر شریش کندر خود بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔