اب کس بالی وڈ اداکارہ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوا؟

January 11, 2021

ماضی میں کئی بالی وڈ اداکاراؤں کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہوچکا ہے۔ اب اس لسٹ میں ایک اور اداکارہ کا اضافہ ہوگیا ہے۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران بالی وڈ سے تعلق رکھنے والے مختلف افراد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوچکا ہے جس میں گلوکارہ آشا بھوسلے، ہدایت کار و اداکارہ فرح خان، اُرمیلا ماٹونڈکر، امیشہ پٹیل، سشمیتاسین کی بیٹی اور دیگر افراد شامل ہیں۔

اس بار اداکارہ ایشا دیول کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کیا گیا۔ جس کے بارے میں انہوں نے ٹوئٹر پر مداحوں کو بتایا کہ میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوچکا ہے، اگر کسی کو اس اکاؤنٹ سے کوئی پیغام ملے تو اسے نظر انداز کردیں اور اس کا جواب مت دیں۔

بعد ازاں 8 گھنٹوں بعد ایشا دیول نے دوبارہ ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بحال ہوگیا ہے جس پر انہوں نے انسٹاگرام انتظامیہ اور فلمساز اریتراداس کا مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ ایشا دیول معروف اداکار دھرمیندر اور اداکارہ ہیمامالنی کی بیٹی ہیں جب کہ سنی دیول اور بوبی دیول ان کے سوتیلے بھائی ہیں۔