کسی کو صوبے کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا، عثمان بزدار

January 12, 2021


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہکسی کو صوبے کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے جبکہاپوزیشن صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، گندم، آٹے کےاسٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عبدالعلیم خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو گندم و آٹے کے اسٹاک و نرخوں اور اپنے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گندم و آٹے کے اسٹاک و نرخوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں سے آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم مسترد شدہ اور مایوس عناصر کا غیر فطری اتحاد ہے، قوم کا پیسہ لوٹنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔

دوسری جانب عبدالعلیم خان نے کہا کہ محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی کو ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔