ضرورت پڑی تو کورونا سے متعلق پابندیاں مزید سخت کی جاسکتی ہیں، بورس جانسن

January 14, 2021

لندن(سعید نیازی) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہاہے کہ ضرورت پڑی تو کورونا سے متعلق پابندیاں مزید سخت کی جاسکتی ہیں،جون میں ممکنہ طور پر ویکسی نیشن سینٹر کو 24گھنٹے فعال بناکر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جاسکتی ہے۔ادھر پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی رپورٹ کے مطابق مشرقی لندن کی تین کونسلوں میں کوویڈ کی شرح ملک بھر کی نسبت بلند ہے۔پارلیمنٹ میں بدھ کو وفقہ سوالات کے دوران کہا تھا کہ پابندیوں پر مسلسل نظرثانی کا عمل جاری ہے اور اگر ضرورت محسوس ہوئی پابندیوں کو مزید سخت بھی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جون میں ممکن ہو ویکسی نیشن سینٹرز کو 24گھنٹے فعال بناکر لوگوں کو ویکسین لگائی جائے تاکہ وبا پر جلد از جلد قابو پانی ممکن ہوسکے۔ بدھ کو ہی شائع ہونے والی پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے اعداد و شمار کے مطابق لندن میں10ہزار 122افراد ہلاک ہوچکے ہیں ،اس وقت مختلف ہسپتالوں میں 7ہزار 607 مریض ہیں اور ایک ہزار85 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ نومبر میں جب لاک ڈائون لگایا گیا تو اس وقت لندن کے ہسپتالوں میں کوویڈ کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 102 تھی جبکہ اختتام پر یہ تعداد ایک ہزار637 تھی۔ مشرقی لندن کی تین کونسلوں کے علاقوں میں کوویڈ کی شرح ملک بھر کی نسبت بلند ہے۔ جن میں بارکنگ اینڈ ڈیگنھم، نیو ہیم اور ریڈ برج کی کونسلیں شامل ہیں۔مشرقی لندن کے دو ہاسپٹل ٹرسٹ میں ایک ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ واضح رہے کہ مشرقی لندن میں پاکستانیوںکی اکثریت بھی آباد ہے۔