پی ایس 88ملیر، فنکشنل لیگ کا امیدوار پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں دستبردار

January 14, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے پی ایس 88ملیر کے ضمنی انتخابات میں اپنے امیدوار طارق علی سرکی کوپی ٹی آئی کے امیدوار جان شیر جونیجو کے حق میں دستبردار کرنے کا اعلان کیا ہے،اس بات کا اعلان جی ڈی اے کے ترجمان اور پاکستان مسلم لیگ فنگشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار عبد الرحیم نے پی ٹی آئی کے وفد کی فنگشنل لیگ ہائوس کراچی آمد کے موقع پر کیا۔پی ٹی آئی کے وفد نے ایم پی اے حلیم عادل شیخ،خرم شیر زمان کی قیادت میں فنکشنل لیگ ہائوس میں فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم،ایم پی اے نصرت سحر عباسی،عبدالکریم شیخ،بئریسٹر ارشد بلوچ ،سلمان فیاض سے ملاقات کی، فنکشنل لیگ اور پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے کے تحفظات ختم کرنے کہ لیے جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے رہنمائوں کی مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی،چیف الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی جانب سے کی جانے والی دھاندلی کا نوٹس لیں،وقت آگیا ہے کہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے چھٹکارا حاصل کرے،فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پیر صاحب پاگارہ کو پی ٹی آئی کی جانب سے اپنا امیدوار دستبردار کرنے کی درخواست کی تھی جس کے بعد ہم نے پی ایس 88پر اپنا امیدوار طارق علی سرکی کو پی ٹی آئی کے امیدوار جان شیر جونیجو کے حق میں دستبردار کرتے ہیں۔