کورونا سے مزید 55 اموات، 2123 نئے مریضوں کا اضافہ، فعال کیسز کی تعداد 33102 ہوگئی

January 14, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) ملک میں کورونا سے مزید 55 ؍ افراد انتقال کر گئے جبکہ 2123 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔ جسکے بعد ملک میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 508824؍ ہوگئی، جبکہ نئے کیسز آنے کے بعد فعال کیسز کی تعداد 33102؍ ہوگئی، جن میں سے 2366؍ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، اب تک موذی وبا مجموعی طور پر 10772؍ افراد کی جان لے چکا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 464950؍ مریضوں صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39450 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2123 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 55 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10772 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 8824 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 33102 ہے۔ اسکے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2973 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جسکے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 464950 ہو گئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 228949 ہوگئی ہے جبکہ 3730 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 146525 ہے اور 4323 افراد وائرس میں مبتلا ہو کر جان سے جا چکے ہیں ۔