کوروناپھیلاتوسکول دوبارہ بندکرسکتے ہیں،صوبائی وزیر تعلیم

January 15, 2021

لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نےکہا ہے کہ اگر سکول کھولنے کے بعد کورونا کےحالات قابو سے باہر ہوئے تو سکولوں کو دوبارہ بھی بند کیا جا سکتا ہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس کی تقریب میں خطاب کررہے تھے، انہوںنے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بہت سے نجی سکول مالی مسائل کا شکار ہو کر بند ہوئے ہیں۔ اس لئے ہم نے سکولوں کی بندش کے پہلے مرحلے میں دئیے جانے والی فیس میں رعایت دوسرے مرحلے میں نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا ۔مزیدبرآں اساتذہ رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی چھٹیاں کم کرنے کا فیصلہ کر رہے ہیں ۔یکساں نصاب، سنگل بک سمیت دیگر ایشوزپراسٹیک ہولڈرزکے تحفظات بھی دور کرینگے۔انہوں نے کہا کہ کم فیس والے نجی سکولوں کو مالی پیکج دینے پرہمدردانہ غور کرینگے ۔ اس موقع پر میاں رضاالرحمان نے وزیرتعلیم پنجاب سے ملاقات کواطمینان بخش قراردیا ۔