عوام نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

January 16, 2021


حکومت نے عوام کو لالی پاپ دینے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 13 سے 15 روپے بڑھانے کی تجویز دے کر 3 سے 4 روپے بڑھا دیئے۔

عوام نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا ہے۔

شہریوں نے پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی دو وقت کی روٹی مشکل کردی ہے، اب رہی سہی کسر مہنگے پٹرول اور بجلی سے پوری ہوجائے گی۔

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ اس سے مہنگائی مزہد بڑھ جائے گی۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت اضافے کے بعد 109روپے 20 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

مٹی کے تیل کی قیمت3 روپے اضافے کے بعد 76روپے65پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 113روپے19پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 42 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت اضافے کے بعد 76روپے 23 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔