سینٹ میں شوآف ہینڈ جمہوریت کاقتل ہے،زبیراحمد ظہیر

January 18, 2021

لاہور(اپنے نامہ نگار سے )اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے سینٹ انتخابات میں ʼʼشو آف ہینڈ ʼʼکے حکومتی فیصلے کو جمہوریت کا قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سینٹ الیکشن کیلئے اوپن بیلٹ کی مخالف کے الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کے فیصلے کو جمہوریت کا تحفظ سمجھتے ہیں ا ور اس تاریخ ساز فیصلے کی بھر پور حمایت کرتے ہیں ،سیاسی جماعتوں کے انتخابات میں بھی خفیہ رائے شماری کی پابندی لگا ئی جائے ورنہ سیاسی جماعتوں میں ڈکٹیٹر شپ کا خاتمہ ممکن نہیں ہوسکے گا ۔ وہ مرکزی مجلس عاملہ کے اجلا س سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر پروفیسر فیاض سلفی. مولانا عبدالستار نیازی. مولانا جان محمد بٹ. مولانا عبد الحفیظ اوکاڑوی. رانا محمد آصف. میاں محمد اصغر. مولانا حبیب الرحمن میرمحمدی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا. اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیراحمد ظہیر نے کہا کہ جب سینٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ ہوگی تو اس سے کوئی بھی رکن اسمبلی اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ نہیں کر سکے گا بلکہ وہ پارٹی سر براہ کے غلام کے طور پر اشارے کے مطابق ہی ووٹ کا فیصلہ کر یگا جو جمہوریت کا قتل کر نے کے مترادف ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے اندر بھی جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں کہ وہ پارٹی کے اندر انتخابات میں بھی شو آف ہینڈ نہیں بلکہ خفیہ رائے شمار ی کر وائے تاکہ پارٹی کو ڈکٹیٹر شپ سے نجات ملے اور وہاں بھی کارکنان اور عام لوگ پارٹی عہدوں پر آسکیں ورنہ سیاسی جماعتیں جمہوری نہیں بلکہ آمر انہ نظر یہ کے مطابق ہی چلتی رہیں گی ۔