15سالہ بھارتی گلوکارہ جیوتی شرما پاکستان میں پرفارم کرنیکی خواہشمند

January 20, 2021

حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ غزل گلوکارہ جیوتی شرما کی زندگی کا سب سے بڑا خواب پاکستان میں پرفارم کرنا ہے۔وہ شہنشاہ غزل مہدی حسن کو اپنا استاد اور رول ماڈل مانتی ہیں اور ان کے لیے یہ بڑی بات ہے کہ پاکستان میں لوگوں کو ان کی گائیکی پسند ہے۔جیوتی شرما نے نیوز سائٹ سے گفتگو میں کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میری آواز پاکستانی عوام تک پہنچ رہی ہے۔ وہ مجھے سنتے ہیں اور مجھے سراہتے ہیں، یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے۔ میرے پاکستانی مداحوں میں سے ایک حبیب سومرو صاحب ہیں، وہ مجھے اپنی بیٹی مانتے ہیں۔سوشل میڈیا پر میرے پاپا میری گائی ہوئی غزلیں اپ لوڈ کرتے رہتے ہیں۔ پاپا کو فیس بک پر پاکستان سے دوستی کی بہت ساری درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ پاکستان میں لوگ میری غزلوں کو سن کر مجھے دعا دیتے ہیں۔ اس سے نہ صرف میری ہمت بڑھتی ہے بلکہ میری حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔جیوتی شرما پاکستان کی سرزمین پر پرفارم کرنے کے خواب کے بارے میں کہتی ہیں کہ ʼاگر مجھے پاکستان سے کوئی مدعو کرتا ہے تو یہ میرے لیے ایک بہت بڑا موقع ہوگا۔ وہاں جا کر پرفارم کرنا تو میرا بہت بڑا خواب ہے۔انہوں نے مزید کہا: ʼمیرے مداح پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں۔ پاکستان، عمان اور ملائیشیا میں میری غزل گائیکی کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے، لیکن جب پاکستانی مداح سراہتے ہیں تو بہت خوش ہو جاتی ہوں۔جیوتی شہنشاہ غزل مہدی حسن کو اپنا استاد مانتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں غلام علی اور حسین بخش کی غزل گائیکی بھی بہت پسند ہے۔انہوں نے بتایاکہ ʼمیں مہدی حسن صاحب کو اپنا استاد مانتی ہوں۔ وہ میرے رول ماڈل بھی ہیں۔ ان کی گائیکی مجھے بہت پسند ہے۔ ان کی ہر ایک غزل ایک بڑے خیال کی طرح ہوتی ہے۔جیوتی سمھتی ہیں کہ غزل گائیکی بھارت اور پاکستان کو جوڑنے کا کام کر سکتی ہے۔ ʼبھارتی اور پاکستانی فنکاروں میں کوئی تعصب نہیں ہے۔ گائیکی سے وابستہ لوگ تو ایک جیسے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ غزل گائیکی دونوں ملکوں کو جوڑنے کا کام کر سکتی ہے۔