ویب سیریز تانڈو تنازع، فلمساز کی مذہبی جذبات مجروح کرنے پر غیر مشروط معافی

January 20, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار سیف علی خان اور ڈمپل کپاڈیا کی ویب سیریز تانڈو پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کی جانب سے ہندو دیوتاؤں اور دیویوں کی تذلیل کے الزام کے بعد اس کے فلم سازوں نے مذہبی جذبات مجروح کرنے پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔فلم ساز علی عباس ظفر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایمیزون پرائم شو کی کاسٹ اور عملے کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان جاری کیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق باضابطہ بیان میں کہا گیا کہ ʼہم تانڈو ویب سیریز سے متعلق ناظرین کے ردعمل کی نگرانی کررہے ہیں اور آج اس حوالے سے بات چیت کے دوران وزارت اطلاعات و نشریات نے ویب سیریز کے مختلف پہلوؤں پر بڑی تعداد میں موصول ہونے والی درخواستوں اور شکایات سے آگاہ کیا۔مزید کہا گیا کہ ساتھ ہی اس ویب سیریز کے مواد سے لوگوں کے جذبات مجروح ہونے سے متعلق سنگین خدشات اور تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ایمیزون پرائم کے فلم سازوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فکشن تھا جس میں کسی عمل، شخص یا واقعات سے مشابہت خالصتاً اتفاقی تھی، انہوں نے ناظرین کو ناراض کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ ʼعملے اور کاسٹ کا مقصد کسی فرد، ذات، برادری، نسل، مذہب یا مذہبی عقائد کو مجروح کرنا یا تذلیل یا کسی ادارے، سیاسی جماعت یا شخص، زندہ یا مردہ کو اشتعال دلانا نہیں تھا۔مزید کہا گیا کہ تانڈو کی کاسٹ اور عملے کو لوگوں کے تحفظات سے آگاہ کیا ہے اور اگر غیر ارادی طور پر کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو ہم معذرت خواہ ہیں۔