بھارت میں جعلی خبروں سے عوام کو نفرت کا عادی بنایا جا رہا ہے، محبوبہ مفتی

January 20, 2021

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی کو انتخابات میں فائدہ پہنچانے کے لیے بالاکوٹ اسٹرائیک کا دعوی کیا گیا۔اپنی تین ٹوئٹس میں انہوں نے لکھا2019میں جس کسی نے بھی بالاکوٹ اسٹرائیک کرنے کے وقت پر سوال اٹھایا اس پر تنقید کی گئی اور اسے قوم دشمن قرار دیا گیا۔ آج ہمارے موقف کی تصدیق ہوئی کہ یہ اسٹرائیک ایک مخصوص سیاسی جماعت کو انتخابات میں فائدہ پہنچانے کے لئے کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ جولائی 2019 میں بھارتی حکومت نے کشمیر میں لاکھوں فوجی تعینات کئے اور سیاحوں کو یہاں سے نکالا گیا۔ ان کارروائیوں کو جواز بخشنے کے لئے کہا گیا کہ پاکستان کی طرف سے حملے کا خطرہ ہے اور یوں دنیا سے جھوٹ بولا گیا۔