سوات میں موسم سرد، بچوں میں موسمی بیماریاں بڑھ گئیں

January 20, 2021

وادی سوات کے بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافے کے بعد بچوں میں نمونیاں کھانسی اور سینے کی بیماریاں بڑھ گئیں۔

سوات کے سب سے بڑے اسپتال سیدو شریف میںآج کل بچوں کے امراض کے وارڈ میں رش لگا ہوا ہے، وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھی تو بچوں میں سینے، کھانسی اور نمونیاں کے امراض میں اضافہ ہوگیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق متاثرہ بچوں میں زیادہ تر بچوں کے عمریں 8 سال سے کم ہیں، شدید سردی میں بچوں کو گرم رکھنا ضروری ہے۔

ماہرین اطفال کا کہنا ہے کہ والدین صفائی کا خیال رکھیں، بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس کروائیں، اور انہیں ماں کا دودھ پلائیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرد علاقوں میں فروری کی آخر تک بچوں کے جسم کو گرم رکھنا ضروری ہے تاکہ ان کو موسمی بیماریوں سے بچایا جا سکے۔