سوئٹزرلینڈ:نقاب سے متعلق ریفرنڈم مارچ میں ہوگا

January 21, 2021

برن ( نیوز ڈیسک) سوئٹزر لینڈ کی حکومت نے نقاب پر پابندی سے متعلق مارچ میں ہونے والے ریفرنڈم میں شہریوں سے متنازع تجویز کی مخالفت کرنے کی اپیل کردی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں چہرے کو مکمل ڈھانپنے پر پابندی لگانے سے متعلق ریفرنڈم 7 مارچ کو ہونا ہے۔ سوئس حکومت کا کہنا ہے کہ نقاب یا برقع پر پابندی لگانے سے سیاحت کو نقصان پہنچے گا، جب کہ پہلے ہی سوئٹزرلینڈ میں کم تعداد میں خواتین نقاب پہنتی ہیں۔ اس سے قبل سینٹ گیلن اور ٹیکنو میں شدت پسندوں کی تجویز پر چہرے کو مکمل ڈھانپنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ اس حوالے سے سوئس حکومت کا موقف ہے کہ جب 2قصبوں میں پابندی عائد ہے تو قانون کو ملک بھر میں لاگو کرنے کی ضرورت نہیں۔ اس سے مسلمانوں میں اچھا پیغام نہیں جائے گا۔ سوئٹزرلینڈ کے علاقے مونٹریکس اور جنیوا جھیل کے آس پاس کے تفریحی مقامات میں خلیجی ممالک سے سیاح بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ واضح رہے کہ نقاب پر پابندی کی تجویز دائیں بازو کی شدت پسند جماعت سوئس پیپلز پارٹی کے ایک گروپ ایجرکینجر کومیتی نے دی ہے۔ اس گروپ نے 2009 ء میں بھی میناروں کی تعمیر پر پابندی کی تجویز دی تھی،جس کے بعد ریفرنڈم کرکے اسے لاگو کردیا گیا تھا۔ سوئٹزرلینڈ میں جمہور ی نظام کے تحت آئین تبدیل کرنے کے لیے تجویز عوام کے سامنے رکھی جاتی ہے اور وہ ریفرنڈم میں حمایت یا مخالفت کرتے ہیں۔