عالمی مارکیٹ میں LNG صورتحال بہتر، حکومت کا دوبارہ ٹینڈر جاری کرنے پر غور

January 21, 2021

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)عالمی مارکیٹ میں ایل این جی صورت حال بہترہونے کے سبب حکومت دوبارہ ٹینڈر جاری کرنے پر غور کررہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، مارچ میں ایل این جی بولیوں کی قیمتوں کے حوالے سے حکومت پریشانی سے دوچار ہے۔ اس حوالے سے دوبارہ ٹینڈر کا اجرا کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فروری کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور سوکار نے باضابطہ طور پر کہہ دیا ہےکہ وہ بروقت ایل این جی ویسل کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ فروری کے باقی ماندہ دنوں کے لیے دو کارگوز کے لیے ایمرجنسی بولیاں آج شروع کی جائیں گی۔ عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی دستیابی میں بہتری کے باعث حکومت تذبذب کا شکار ہوگئی ہے کہ مارچ کے مہینے کے لیے ایل این جی کو جو بولیاں موصول ہوئی ہیں کیا ان پر ہی اکتفا کیا جائے یا اس ضمن میں دوبارہ ٹینڈر جاری کیے جائیں۔ حالیہ دنوں میں ایل این جی کی قیمتوں میں 2 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو کمی واقع ہوئی ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ حکام دوبارہ ٹینڈرز کے اجرا سے متعلق سوچ بچار کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی فراہمی میں بہتری ضرور آئی ہے تاہم، قیمتوں کے حوالے سے مارکیٹ اب بھی غیرمستحکم ہے۔