پیپرا بورڈ اجلاس منٹس میں جعلسازی کی تحقیقات کی جائے، انفارمیشن کمیشن

January 21, 2021

اسلام آباد (عاصم جاوید) حکومت کا معلومات تک رسائی کا ایکٹ 2017ء،پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد (پیپرا) کی سابق ڈائریکٹر جنرل ایچ آر صائمہ تسنیم کی بحالی کے لئے امید کی کرن ثابت ہوا ہے۔ پاکستان انفارمیشن کمیشن نے پیپرا بورڈ کے 37ویں اجلاس کے منٹس میں مبینہ جعلسازی کا معاملہ ایف آئی اے کو بھجواتے ہوئے جامع تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پاکستان انفارمیشن کمیشن نے تحریری حکم نامہ میں قرار دیا ہے کہ بادی النظر میں یہ معاملہ پیپرا بورڈ کے 37 ویں اجلاس کے منٹس میں جعلسازی کا ہے ، بظاہر یہ محض ایک غلطی ہی نہیں بلکہ پیپرا ملازمین اور ادارے کی بطور ریگولیٹری باڈی کارکردگی کے لئے سنگین نتائج کا حامل معاملہ ہے ، سیکرٹری کابینہ (کنٹرولنگ باڈی) اور سیکرٹری فنانس (چیئرمین پیپرا بورڈ) معاملے کے پس پردہ مقاصد کا جائزہ لیں ۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مبینہ جعلسازی کے اس معاملے کو دفن نہ کر دیا جائے اور آئندہ کے لئے اس کا تدارک کیا جائے۔