نان کسٹم پیڈ  ٹائروں کی فروخت سے حکومت کو ماہانہ کروڑوں کا نقصان

January 21, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)نان کسٹم پیڈ ٹائروں کی فروخت سے حکومت کوماہانہ کروڑوں روپے کانقصان پہنچانے کاانکشاف ہواہے۔ ذرائع کے مطابق خفیہ ادارے نے اپنی سورس رپورٹ میں انکشاف کیاہے کہ ٹیکسلاجی ٹی روڈختم نبوت چوک میں ٹائروں کی مارکیٹ میں تقریباً 85دکانوں میں نان کسٹم پیڈٹائروں کی فروخت سرعام جاری ہے ۔ٹائرمارکیٹ میں ہیوی گاڑیوں کے ٹائر افغانستان سے براستہ پشاورلائے جاتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پشاورمیں یہ ٹائررنگ روڈپشاور،متنوکوہاٹ روڈپشاورپرواقع گوداموں میں سٹورکئے جاتے ہیں جہاں سے نوشہرہ لائے جاتے ہیں اورپھرراولپنڈی روٹ پرچلنے والی بسوں کی چھتوں پرلوڈکرکےمیں ایک ہوٹل کے سامنے انہیں گاڑیوں سے اتارکرٹائرمارکیٹ کے عقب میں واقع گوداموں میں منتقل کیاجاتاہے۔سورس رپورٹ کے مطابق بڑے ٹائروں کی ایک جوڑی پرتقریباً28ہزارروپے کسٹم بنتاہے جب کہ یومیہ ایک سوکے قریب ٹائروں کی جوڑیاں غیرقانونی طور پرٹیکسلالائے جانے کاانکشاف ہواہے، اس طرح اس مدمیں روزانہ سرکاری خزانے کو28لاکھ روپے نقصان پہنچ رہاہے ۔ٹائرمارکیٹ کے دکان داراستعمال شدہ ٹائروں کی آڑلے کرنان کسٹم پیڈٹائرزمنگواتے ہیں اورصرف تحصیل ٹیکسلامیں نان کسٹم پیڈٹائروں کی فروخت سے حکومت کوماہانہ کروڑوں روپے کانقصان ہورہاہے ۔اس دھندے میں ملوث افرادکو بعض کسٹم حکام اورمقامی پولیس کی پشت پناہی بھی حاصل ہےجس کی وجہ سے ان کے خلاف مؤثرکارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ۔