غربت نہیں غریب مٹائو پالیسی تبدیلی سرکار نے اپنا لی‘صادق عمرانی

January 21, 2021

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا یہ کہ ناقص پالیسیوں کی وجہ سے قوم معاشی خودکشیوں کی جانب راغب ہورہی ہے ۔ قوم اگر کورونا سے بچ بھی جائے تو دوسری جانب بڑھتی معاشی بدحالی اور بھوک و افلاس اسے دنیا سے چلتا کردے گی۔ حالیہ اقدامات سے یہ حقیقت اور بھی واضح ہوچکی ہے کہ تبدیلی سرکار غربت نہیں بلکہ غریب ہی کو مٹا دینے کے چکر میں نظر آتی ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ مہنگائی میں ایک تسلسل سے اضافہ اور بے روزگاری کا آسیب قوم پر اپنی گرفت اس قدر مضبوط کرچکا ہے کہ اس کا سانس لینا بھی دوبھر ہوچکا ہے۔ اضافی ٹیکسوں کی بھرمار سے ایسا لگتا ہے کہ حکومت بہت جلد سانس لینے پر بھی ٹیکس عائد کردے گی۔ صادق عمرانی نے کہا کہ تبدیلی کی آڑ میں جس طرح سفید پوش طبقے پر زمین تنگ کی گئی ہے اس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔ دہاڑی دار طبقے کی آہ و بقاء الگ سنائی دے رہی ہے۔ رہا اشرافیہ کا معاملہ تو وہ بھی یہ سوچنے پر مجبور ہوچکا ہے کہ اگر اس غیر حقیقی تبدیلی کی انا پرست تلوار یونہی ان کے سروں پر لٹکتی رہی تو آخر ان کا کیا بنے گا۔ قوم کا یہ سوچنا بجا ہے کہ نئے پاکستان کے چکر میں حکمران کہیں پرانا پاکستان ہی نہ کھوڈالیںَ انہوں نے کہا کہ بارہا یوٹرن لینے والے حقیقی لیڈر شپ کی ابجد سے بھی ناواقف ہیں۔ سقوط ڈھاکہ کے بعد ایک مرد آہن نے جس طرح اپنی سیاسی بصیرت کے بل بوتے پر ٹوٹے پھوٹے پاکستان کو بچا کر جس طرح ملک میں ایٹمی طاقت بننے کی بنیاد رکھی اور شکستہ حال عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جنگی بنیادوں پر عملی اقدامات کئے اسے کہتے ہیں حقیقی لیڈر شپ کیونکہ قائد عوام کو اس حقیقت کا ادراک ہوچکا تھا کہ دشمنان وطن نے جس سازش کے تحت ملک کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کروایا وہ آنے والے دنوں میں باقی ماندہ پاکستان پر چڑھ دوڑیں گے۔ یہی انہی کے خون ناحق کا صدقہ ہے کہ آج پاکستان ایک ناقابل تسخیر ایٹمی طاقت کے روپ میں دشمنوں کے سامنے ایک سیسہ پلائی دیوار کی شکل میں موجود ہے۔