کراچی،JUI کواسرائیل نامنظور ملین مارچ کی اجازت نہ مل سکی

January 21, 2021


کراچی میں جمعیت علمائے اسلام کو اسرائیل نامنظور ملین مارچ کی اجازت اب تک نہیں مل سکی ، جے یو آئی ف کا اسرائیل نا منظور جلسہ مزار قائد روڈ پر دو بجے شروع ہونا تھا۔

جے یو آئی ف کےملین مارچ کے لئے سرکار کا اجازت نامہ رکاوٹ بن گیا، ریلی کے منتظمین نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں، تاہم انہیں اجازت نامے کا انتظار ہے۔

جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اسرائیل نامنظور ملین مارچ کے لیے پی ڈی ایم قیادت کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔

جے یو آئی نے 12 جنوری کو ڈی سی شرقی کو این او سی کی درخواست دی تھی جس پر ڈپٹی کمشنر نے ضلع شرقی کی پولیس سے رائے طلب کی تھی۔

دوسری جانب کراچی میں ٹریفک پولیس نے شہر میں ملین مارچ اور کرکٹ ٹیموں کی آمدکے پیش نظر متبادل روٹ پلان جاری کیا ہوا ہے جس کے تحت آج شہر کی اہم سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہوں گی۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ملین مارچ کی وجہ سےنیو پریڈی اسٹریٹ اور کارساز روڈ بند ہوگا، اسٹیڈیم کے اطراف فلائی اوور بھی بند ہوں گے جبکہ دوپہر 2 بجے پارکنگ پلازہ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا جائے گا۔

متبادل روٹ پلان کے مطابق صدر دواخانہ سے ٹریفک کو ڈائی ورژن دی جائے گئی اور ٹاور سے آنے والا ٹریفک پریڈی چوک اور ایم اے جناح روڈ بھیجا جائے گا جبکہ ہیوی ٹریفک، بس اور کوچز کو پریڈی چوک کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ چھوٹی گاڑیوں کو پریڈی چوک سے ایم اے جناح روڈ کی طرف اور جیل چورنگی سےآنے والا ٹریفک کشمیر روڈ شارع قائدین موڑ دیا جائے گا اور یونیورسٹی روڈ سے آنے والا ٹریفک گرومندر ایم اے جناح روڈ پر بھیجا جائے گا۔

حکام کا کہنا تھا کہ دوپہر 2 بجے پیپلز چورنگی کٹ بند کیا جائے گا جبکہ کارساز روڈ، ملینیم روڈ اور نیو ٹاؤن روڈ کو بھی بند کر دیا جائے گا جبکہ یونیورسٹی روڈ کو بند نہیں کیا جائے گا اور اسٹیڈیم روڈ پر واقع اسپتال جانے کی اجازت ہوگی۔