• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے تحت آج کراچی میں مزارِ قائد پر ’اسرائیل نامنظور، ملین مارچ‘ ہوگا، جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ جے یو آئی ف کی ریلی کے سلسلے میں کوریڈور تھری ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

پیپلز چورنگی کے قریب کوریڈور تھری کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، صدر سے لائنز ایریا کے قریب بھی کوریڈور تھری ٹریفک کے لیے بند ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یوآئی) ف کی جانب سے کوریڈور پر مزارِ قائد کے سامنے اسٹیج بنایا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو ایمپریس مارکیٹ سے لکی اسٹار کی جانب متبادل راستہ دے دیا گیا ہے، حسن اسکوائر پل کی جانب غریب آباد سے اسٹیڈیم جانے والا حصہ ٹریفک کے لیے بند ہے۔

حسن اسکوائر ایکسپو سینٹر سے اسٹیڈیم جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ضلعی پولیس نے ٹریفک کو سیکیورٹی وجوہات کے باعث بند کیا ہے، ایکسپو سینٹر سے ٹریفک کو سیدھا نیوٹاؤن کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

آج ہونے والے ملین مارچ سے مولانا فضل الرحمٰن سمیت اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دیگر رہنما بھی خطاب کریں گے۔

جے یو آئی ف کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق مزارِ قائد پر جمعیت علمائے اسلام سندھ کی میزبانی میں اسرائیل نامنظور ملین مارچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہرِ قائد کی تمام شاہراہوں اور سڑکوں پر بڑے بڑے ہورڈنگز اور بینرز لگائے جا چکے ہیں جبکہ پارٹی پرچم بھی بڑی تعداد میں لگا دئیے گئے ہیں۔


سمیع سواتی کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن دیگر مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ بدھ کو کراچی پہنچ گئے۔

صوبائی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات جے یو آئی ف کا کہنا ہے کہ ’اسرائیل نا منظور ملین مارچ‘ کا آغاز دوپہر 1 بجے کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملین مارچ کے لیے مرکزی قافلہ سہراب گوٹھ سے مزارِ قائد کی طرف دن ساڑھے 12 بجے جے یوآئی کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں روانہ ہوگا۔

سمیع سواتی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر سے اضلاع اور پی ایس کے قافلے مقامی امیر و سیکریٹری جنرلز کی قیادت میں مزارِ قائد پہنچیں گے۔

تازہ ترین