فیصل آباد: مبینہ پولیس تشدد سے 60 سالہ شخص جاں بحق

January 22, 2021


فیصل آباد میں پولیس کے چھاپے کے دوران مبینہ تشدد سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر تشدد کا الزام لگایا ہے، پولیس حکام کہتے ہیں کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اسمال انڈسٹریل روڈ پر خانہ بدوشوں کی جھگیوں میں پولیس نے جواء کھیلنے کی اطلاع پر چھاپہ مارا اور موقع سے چند فراد کو حراست میں لے لیا۔

اس دوران 60 سالہ نواز حسین جاں بحق ہو گیا، جس کے ورثاء لاش سڑک پر لے آئے اور احتجاج کیا۔

ورثاءنے الزام لگایا ہےکہ پولیس اہلکاروں کے تشدد سے نواز حسین ہلاک ہوا، احتجاج کے بعد پولیس نے مذاکرات کے بعد پکڑے گئے افراد کو چھوڑ دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ذمے داروں کےخلاف کارروائی ہو گی۔