نیتو اور رشی کپور کی شادی کی 41ویں سالگرہ، اداکارہ نے ویڈیو شیئر کردی

January 22, 2021

بالی ووڈ کے مشہور اداکار رشی کپور جنکا گزشتہ برس 30 اپریل کو انتقال ہوگیا تھا، انکی اہلیہ اور آنجہانی رشی کپور کے ساتھ کئی فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ نیتو کپور نے آج انسٹا گرام پر اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر اپنے شوہر کو یاد کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

نیتو رشی کپور نے اس موقع پر تحریر کیا کہ آج شادی کی 41ویں سالگرہ ہوتی۔ 1970 کے عشرے کے اواخر اور 1980 کے اوائل میں زیادہ تر اپنے شوہر کے ساتھ ہیروئن کا کردار اد کرنے والی نیتو رشی کپور کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو میں، مشہور گیت ہم ہیں اس پل یہاں بھی شامل ہے۔

رشی اور نیتو اکٹھے فلموں میں کام کرنے کے دوران ایکدوسرے کے قریب آئے اور یہ قربت بلآخر انکی شادی پر منتج ہوئی۔

اُن کے دو بچے ہیں جن میں بیٹا رنبیر کپور فلموں میں اپنی ادکاری کے جوہر دکھا رہا ہے جبکہ بیٹی ردھیما دہلی میں جیولری ڈیزائننگ کے شعبے سے منسلک ہیں۔

ویڈیو میں رشی اور نیتو کی تصاویر، لوگوں سے ملاقاتیں، سفر، ڈائریز اور شادی سے متعلق یادیں شامل ہیں۔