تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر میٹرو بس ملازمین کااحتجاج، سروس معطل

January 23, 2021

اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے) میٹرو بس سروس کے عملے نے انتظامیہ کے رویئےاور تنخواہ کی عدم ادائیگی کے خلاف جمعہ کووفاقی دارالحکومت میں جناح ایونیواور پاک سیکر ٹریٹ تک سروس معطل کر دی۔جناح ایونیو پر ڈرائیوروں اور عملے نے میٹرو انتظامیہ کے خلا ف نعرے بازی کی اور کہاکہ تنخواہ کی عدم ادائیگی سے ملازمین فاقے پر مجبور ہو گئے ہیں، ڈرائیورز اور عملے کو جبری طور پر عہدوں سے برطرف بھی کیا گیا ہے۔مظاہرین نے آپریشن منیجر کو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ۔ عملے کے احتجاج کے باعث میٹرو بس سروس کی سہولت حاصل کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،تاہم راولپنڈی سے ابن سینا روڈ تک میٹرو معمول کے مطابق چلتی رہی۔ اپنے رپورٹر سے کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کے ڈرائیورز نے ہڑتال کرکے بس سروس معطل کرادی جس کے باعث جڑواں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔تنخواہوں میں کٹوتی اور بروقت ادائیگی نہ ہونے پر جمعہ کو میٹرو ڈرائیورز نے ہڑتال کرکے بسیں کھڑی کرکےسروس بند کرادی۔اس حوالے سے میٹرو بس انتظامیہ کے ذرائع نے رابطہ کرنے پر بتایا کو تنخواہیں بروقت ادا کی گئی ہیں۔چند شرپسند عناصرڈرائیورز کو اکسا کر سروس کا امیج خراب کررہے ہیں۔ ادھرمیٹروبس سروس کی بند ش کی اطلاع کے ساتھ ہی مری روڈ پرنجی ٹرانسپورٹ والوں نے ویگنیں چلا دیں اور شہری مہنگے کرایوں سفر پر مجبور کئے جاتے رہے۔