اسلام آباد میں تھانہ کلچر تبدیلی کے نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں،آئی جی

January 23, 2021

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) آئی جی اسلام آبادنے افسران و جوانوں کے پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ آج کا پولیس دربار ان شہداء ، ان کے بچوں ،بیوائوں،مائوں بہنوں، اور آپ سب کے نام کرتا ہوں، جنھوں نے نہ صرف اسلام آباد پولیس بلکہ ملک وقوم کی عزت رکھی ہوئی ہے میں اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے مجھے عزت سے نوازاکہ پاکستان کی بہترین پولیس فورس کی کمانڈ کر رہا ہوں ، آپ پر اللہ تعالی کی خاص کرم نوازی ہے جس نے کروڑوں لوگوں میں سے آپ کو عوام کی خدمت کے لئے چنا ہے جو آپ کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے اب آپ پرمنحصر ہے کہ آپ ان اختیارات کو اللہ کی خوشنودی کے لئے استعمال کرتے ہیں یا پھر دنیاوی خوشنودی کے لئے ۔ انہوں نے کہا ہم اسلام آباد میں تھانہ کلچر کی تبدیلی کے نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں جس میں ٹیسٹ انٹرویو کے ذریعے نئے محرر اور ایس ایچ اوز کی تعیناتی کی جارہی ہے، جن کی تعیناتی کی وجہ سے بہت سارے عوام کو در پیش مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ،اس نئی تبدیلی میں آپ سب نے میرامکمل ساتھ دینا ہوگا جس میں شہری اپنے مسائل کے حل کے لئے بلا خوف و خطر تھانے میں داخل ہوں ،اپنے ساتھ ہونے والے وقوعے کی ایف آئی آر درج کرانے میں سفارش کی ضرورت نہ پڑے ،تمام ایس ایچ اوز اور محرر اپنے رویئےکو دیکھیں،تھانوں میں سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں،سرزد وقوعے کی ایف آئی آر کا اندراج بروقت کیا جائے ،ایف آئی کے اندراج میں حیل و حجت کرنے والے پولیس افسر کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی ،تمام پولیس فورس کی ویلفیئر کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ محکمانہ ترقیوں کانظام بہتر کیا جارہا ہے تمام زیر التوا ترقیاں جلد سے جلد کی جائیں گی ،پروموشن آپ کا بنیادی حق ہے۔انھوں نے کہا کہ زونل ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز ،ایس ایچ اوز پولیس کمیونٹی کو فروغ دیں اس سلسلے میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں ،سینئر آفیسرز اپنے ماتحتوں کے مسائل کے حل کے لئے ہفتے میں ایک دفعہ اردل روم کا انعقاد کریں،پولیس میں سپورٹس سرگرمیوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جس میں اسلام آباد پولیس کی اپنی ٹیم بنائی جائے جو ہر جگہ پر پولیس کی نمائندگی کرے گی،تمام ڈویژنز میں ٹرانسفر پوسٹنگ کا طریقہ کار واضع کیا جائے جو ایک ایس او پی کے مطابق کار آمد ہو ،انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اچھا کام کر ہی ہے مگر اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے ،سپیشل برانچ کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ کارکردگی میں مزید لائی جا سکے ،اس موقع پر آئی جی نے افسران و جوانو ں سے کہا کہ آپ پوری محنت اور لگن سے کام کریں میں آپ کے کام کو آگے لے کر جاؤں گا ،اگر آپ مضبوط ہیں تو آپ کا کمانڈر مضبوط ہو گا۔ آپ ایک بہترین فورس کی نمائندگی کر رہے ہیں اپنی وردی کو اپنی شان سمجھتے ہوئے اس کو صاف ستھرا رکھیں اور فخر سے پہنیں۔