جنگلات کے علاقوں کو تجاوزات سے بچانےکیلئے چوکیاں قائم کرنے کا فیصلہ

January 23, 2021

اسلام آباد( نیو زرپورٹر) تجاوزات کے خاتمے کیلئے چیئرمین سی ڈی اے عا مر علی احمدکی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں آئی جی اسلام آباد ، ڈی آئی جی ، ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی اور سی ڈی اے، ریونیو ڈپیارٹمنٹ کے حکام نے بھی شر کت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائی وے ، مارگلہ ہلز اور گرین ایریاز پر غیرقانونی تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریونیوسے متعلق زیر التواء کیسزکا حل نکالنے کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ کمیٹی پولیس اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران پر مشتمل ہوگی ۔جنگلات کیلئے مختص علاقوں کو تجاوزات سےبچانے کیلئے سی ڈی اے اور پولیس پر مشتمل چوکیاں قائم کرنے کافیصلہ کیا گیا ۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سی ڈی اے انتظامیہ نے اسلام آباد کے زون تھری میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔ ملپور کے جنگلات ایریا میں سرکاری اراضی پرتین غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔اس سے قبل سی ڈی اے کی انتظامیہ نے پارک روڈ پرموجود درجنوں متحرک تجاوزات کو ہٹوایا،اور علاقے کوکلیئر کروایا۔بری امام میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے نئی تعمیر شدہ عمارت،10غیر قانونی چاردیواریاں،ایک غیرقانونی عمارت،ایک کمرہ،3کھوکے،ایک عمارت کی ڈی پی سی ، سی پندرہ میں متعدد تجاوزات کو مسمار کیا گیا۔بنی گالا میں دوران آپریشن 6مقامات پر غیرقانونی تعمیرات ور تجاوزات مسمار کی گئیں۔جی ایٹ میں پھل اوردیگر کھانے پینے کے غیرقانونی اسٹال اٹھائے گئے۔ایف ایٹ میں غیرقانونی سکیورٹی کیبن ،ایف الیون میں غیرقانونی چاردیواری اورگیٹ کو مسمار کیا گیا ۔کھنہ پل پر دوران آپریشن متحرک تجاوزات کو مسمار کرکے سامان ضبط کرلیا گیا ۔لکھوال میں دوران آپریشن نئی عمارت کی ڈی پی سی مسمار کردی گئی۔آئی نائن میں آپریشن کرتے ہوئے ایک غیر قانونی ڈھابہ اور ایک شیڈ کو مسمار کیا گیا ۔