تحریک کشمیر یورپ کے تحت آج یوم سیاہ منایا جائے گا

January 26, 2021

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے زیر اہتمام بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر آج 26 جنوری کو یوم سیاہ منایا جائے گا بھارت کی نام نہاد جمہوریت کو بے نقاب کیا جائے گاکہ بھارت جمہوریت کے نام دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل کر رہا ہے اور اس نےکشمیریوں کے جمہوری اورانسانی حقوق کو سلب کر رکھا ہے کشمیر میں کسی کی جان مال اور عزتیں محفوظ نہیں بھارت میں ایک انتہا پسند ہندو حکومت ہے دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جمہوریت کے لبادے میں مودی سرکار نے ظلم بربریت کا جو بازار گرم کر رکھا ہے اس کی دنیا میں اس کی کہیں کوئی مثال نہیں ملتی۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ بھارت کے اندر کوئی اقلیت محفوظ نہیں مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں کے ساتھ جو سلوک اور قتل عام ہورہا ہے اس مظالم کی داستانیں پوری دنیا کے کونے کونے تک پہنچ چکی ہیں۔ بھارت کے اس گھناؤنے کردار کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے کہ بھارت اور کشمیر کے اندر جو کچھ ہورہا ہے جمہوریت اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی دہشت گرد اور انسانیت کا قاتل ہے ان پر جس طرح ماضی میں یورپ اور امریکہ میں داخلے پر پابندی تھی اسے بحال کیا جائے ایسے شخص کو گلے نہ لگایا جائے بھارت کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات پر نظر ثانی کی جائے بھارت جس راستے پر چل رہا ہے اس سے دنیا کے امن کو شدید خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کے ناپاک عزائم کو لگام دی جائے۔