عمار،کچہری اور ڈیفنس چوک منصوبوں پر لاگت کا تخمینہ چار ارب 83کروڑ

January 26, 2021

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں عمار چوک،کچہری چوک اور ڈیفنس چوک کی ری ماڈلنگ کے منصوبوں پرابتدائی لاگت کا تخمینہ چار ارب 83کروڑ روپے لگایاگیا ہے۔پہلے عمار چوک بنے گا،پھر کچہری چوک اور آخر میں ڈیفنس چوک بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عمار چوک ری ماڈلنگ منصوبہ کی لاگت830 ملین روپے ہوچکی ہے۔منصوبہ کا نظر ثانی شدہ پی سی ون چکلالہ کینٹ بورڈ دے گا۔منصوبہ کیلئے رواں مالی سال کیلئے5سو ملین روپے چکلالہ کینٹ بورڈ کو منتقل ہوچکے ہیں جبکہ باقی فنڈز آئندہ مالی سال میں منتقل کئے جائیں گے۔منصوبہ میں یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی پر کام جاری ہے اور آئندہ ماہ کے آخر تک کام کا بڑا حصہ مکمل ہوگا،منصوبہ کی مدت تکمیل نو ماہ رکھی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبہ پر لاگت کا تخمینہ تین ارب روپے لگایا گیا ہےجس میں سے34اعشاریہ4ملین روپے لینڈ ایکوزیشن کیلئے ہیں جبکہ ابتدائی طور پرٹیلیٹی سروسز کی منتقلی پر لاگت کا تخمینہ157اعشاریہ46ملین روپے ہے۔ایس این جی پی ایل ،چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ اور ایس پی ڈی کی سروسز منتقلی کا تخمینہ اس میں شامل نہیں ہے۔منصوبہ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام2021-22میں شامل کیا گیا ہے۔عمار چوک کی تکمیل کے بعد اس پر دسمبر2021میں کام شرع ہونے کا امکان ہے۔نیسپاک منصوبہ کی فزیبیلٹی رپورٹ او رڈیزائن تیار کرے گا۔کچہری چوک منصوبہ میں روات سے صدر کی طرف اور ایئرپورٹ روڈ پر ٹو پلس ٹو انڈر پاس ہوں گےجو افتخار جنجوعہ روڈ پر نکلیں گے۔صدر سے روات کی طرف لیول ٹو جبکہ عمار چوک کی طرف لیول ون انڈر پاسسز ہوں گے۔روات سے مریڑ چوک والی دو طرفہ ٹریفک اور مریڑ چوک سے طفیل روڈ کی طرف جانے والی ٹریفک ایٹ گریڈ ہوگی۔منصوبہ کیلئے101اعشاریہ82مرلہ اراضی ایکوائر ہونی ہےجس میں ریجنل ٹیکس آفس،پولیس لائن،ایم ای او،فاطمہ جناح یونیورسٹی،پارک،مسجد،پٹرول پمپ،شاپس،سکول اور نجی گھر کی اراضی شامل ہے۔مجوزہ اراضی میں89اعشاریہ3مرلہ اوپن ہے جبکہ12اعشاریہ79تعمیر شدہ جگہیں ہیں۔زرائع کے مطابق ڈیفنس چوک ری ماڈلنگ منصوبہ کے پی سی ون کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ دو ارب روپے ہے۔منصوبہ میں کچہری،ڈیفنس ایونیو اور کچہری فوجی فائونڈیشن والی ٹریفک کیلئے دو لین یو ٹرن فلائی اوور ہوگا۔روات کچہری ٹریفک تھری پلس تھری سگنل فری ہوگی۔روات،ڈیفنس ایونیو اور فوجی فائونڈیشن والی ٹریفک کیلئے دو اضافی لین ہوں گی۔ڈیفنس ایونیو اور فوجی فائونڈیشن والی ٹریفک کے روات کی طرف جانے کیلئے ٹولین انڈرپاس ہوگا۔نیسپاک منصوبہ کا ڈیزائن اور فزیبیلٹی تیار کرے گا۔