ٹریول فرم ہیز کا 89 شاپس بند کرنے کا فیصلہ

January 28, 2021

لندن (پی اے ) ٹریول فرم ہیز ٹریول، تھامس کک کو ٹیک اوور کرنے کے ریویو کے بعد اپنی 535 شاپس میں سے 89 کو بند کر رہی ہے ۔ سندرلینڈ بیسڈ کمپنی نے دیوالیہ کمپنی کو اکتوبر 2019 میں خریدا تھا اور اس نے 2021 تک اپنی شاپس کی کارکردگی کا جائزہ ملتوی کردیا۔ ٹریول فرم کے ترجمان نے کہا کہ تیسرے کورونا نیشنل لاک ڈاؤن اور ٹریول پابندی کا مطلب ہے کہ کمپنی کو اقدام کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شاپس کی بندش سے متاثر ہونے والے ملازمین کو متبادل ورک آپشنز کی پیش کش کی جائے گی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر جوناتھن ووڈال نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہمارے کسٹمرز کی دیکھ بھال اور کسٹمر سروس کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنانا ہے۔ فرم ہمارے دو سالہ مضبوط کاروباری منصوبے پر عمل پیرا ہے اور جب واپس آئے گی تو پیشرفت اور بڑھاوے کیلئے تیار ہوگی۔ سندرلینڈ بیسڈ فرم کی اونر اور چیئر ڈیم آئیرن ہیز نے کہا کہ ہمارا ہمیشہ یہی ارادہ ہوتا ہے کہ ہم لائسنس کی مدت کے اختتام پر اپنی شاپس کی کارکردگی کا جائزہ لیں ۔ ہمیں امید تھی کہ جنوری میں اس کاروبار میں تیزی آئے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک جابس اور کاروبار کی حفاظت کیلئے ہر ممکن کوشش کی اور ہم چھانٹی سے متاثر ہونے والوں کیلئے زیادہ سے زیادہ متبادل آپشنز لے کر آئے ہیں تاکہ ہم اپنے ساتھیوں کی ہر ممکن مدد کر سکیں ۔ سٹاف کیلئے آپشنز میں گھر سے کام کرنا یا دوسری شاپس میں خالی اسامیوں کو پر کرنا شامل ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اس فرم میں تقریباً 7700 ملازم تھے جن میں بہت سے گھروں سے کام کر رہے تھے اور 2021 کی ہالیڈیز کیلئے بکنگ لینے کا کام کر رہے تھے۔ کمپنی نے ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ اس فیصلے سے کون سی لوکیشنز متاثر ہوں گی ۔