بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی آلودہ پانی سے کاشت فصلوں کیخلاف کارروائی

January 28, 2021

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نےسیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران کوئٹہ کے نواحی علاقوں جان محمد روڈ ، اختر محمد روڈ ، کلی جیو اور کشمیر آباد میں وسیع اراضی پر زیر کاشت و تیار فصلیں تلف کردیں۔بی ایف اے حکام نے کارروائی کے دوران مذکورہ کھیتوں کو سیوریج کے پانی کی فراہمی کے ذرائع بھی منقطع کردیئے، واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر پابندی عائد ہے ،حالیہ عدالتی فیصلے کے مطابق ایسے پانی سے اگائی جانے والی سبزیاں (پتوں والی یا بغیر پتوں والی) اور جانوروں کا چارہ مہلک بیماریوں جیساکہ ہیپا ٹائٹس ، ہیضہ ٹائیفائیڈ،پیچیش،کلمگی اور نیگیرائسز سمیت مختلف بیماریوں کا موجب بنتا ہے۔مزید برآں آلودہ پانی سے تیار چارہ جانوروں کو بھی برابر متاثر کرتا ہے اور ان سے حاصل شدہ گوشت و دودھ کے ذریعے متعدد خطرناک بیماریاں انسانوں میں منتقل ہوتی ہیں ۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کاشتکاروں کو متعدد بار تنبیہ بھی کی گئی ہے مگر اس کے باوجود آلودہ و سیوریج کے پانی سے کھیتوں کو سیراب کیا جا رہا ہے ،بی ایف اے حکام کے مطابق تلف کئے گئے کھیتوں پر دوبارہ سیوریج کے زہریلے پانی سے مضر صحت سبزیاں اگانے کے ذمہ داران کے خلاف آئندہ مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔