کراچی: کار میں چھپائی گئی ساڑھے 34 کلو چرس برآمد

January 28, 2021

کراچی کے کلفٹن ماڈل پولیس اسٹیشن کے عملے نے خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی کے دوران کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی اعلیٰ کوالٹی کی ساڑھے 34 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کر لی، منشیات کی سپلائی پر مامور گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کے مطابق آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران ایس پی کلفٹن توحید رحمٰن نے خصوصی پولیس پارٹی تشکیل دی۔

ایس ایچ او کلفٹن ماڈل پولیس اسٹیشن پیر شبیر حیدر کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے چیکنگ کے دوران شیریں جناح کالونی میں کار کی تلاشی لی۔

کار نمبر اے ٹی جے 439 کی فرنٹ سیٹ اور پائیدان کے نیچے خفیہ طور پر چھپائی گئی ساڑھے 34 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔

ایس ایس پی زبیر نذیر کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں چرس سپلائی کرنے والے ملزم محمد نصیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد ہوا ہے۔