کراچی میں پانچ پالتو کتوں نے بزرگ شہری کو بھنبھوڑ ڈالا

February 04, 2021

کراچی میں پالتو اور آوارہ کتوں نے شہریوں کا باہر نکلنا مشکل کردیا، فیروز آباد کے علاقے میں پانچ پالتو کتوں نے بزرگ شہری کو بھنبھوڑ ڈالا، پولیس نے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

بزرگ شہری پر بیک وقت پانچ کتوں نے دہشت ناک حملہ کردیا، رونگٹے کھڑے کرنے والا یہ واقعہ دو دن پہلے کراچی میں پیش آیا۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں مالک اپنے پالتو کتوں کے ساتھ گزر رہا ہے، کتے اچانک حملہ کرتے ہیں، ایک راہ گیر بھاگ کر جان بچاتا ہے جبکہ بزرگ شہری پر کتوں کا وحشیانہ حملہ پورے ڈیڑھ منٹ جاری رہتا ہے۔

اس دوران مالک شہری کو بچانے کی اپنی سی کوشش کرتا ہے مگر کتے قابو میں نہیں آتے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے کتوں کے مالک کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

پالتو کتوں سے قطع نظر آوارہ کتے بھی شہریوں کی جان کو آئے ہوئے ہیں۔

کتا مار مہم کئی سال سے معطل ہے جس کے باعث شہر بھر میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہوگئی ہے۔ صبح سے رات تک لوگ جہاں سے بھی گزریں، کتوں کے غول غول کے نظر آتے ہیں۔

اس صورتحال سے خواتین اور اسکول جانے والے بچے خاص طور پر خوفزدہ ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کے ایم سی نے فوری توجہ نہ دی تو کتے کے کاٹنے کے واقعات قابو سے باہر ہوجائیں گے۔