ننھا شیف ’’معاذ خان‘‘

February 07, 2021

بچو! آپ نے گھر میں اپنی امی اور فوڈ سینٹرز پر شیف کو کھانا اور فاسٹ فوڈز تیار کرتے ہوئے تو دیکھا ہوگا، لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے ننھے کک کے بارے میں بتا رہے ہیں جس نے سوشل میڈیا سے پیزا ، زنگر برگر اور دیگر اشیائے خورونوش بنانا سیکھا ہے۔ یہ 5 سالہ بچہ معاذ خان جو کراچی کا رہائشی ہے اسے پیزا ، زنگر برگر،افغانی پلاؤ، کیک اور دیگر فاسٹ فوڈز بہت پسند ہیں ۔

چند ماہ قبل وہ موبائل میںانٹرنیٹ دکھائی جانے والی کھانا بنانے کی تراکیب کو اپنے ذہن میں نوٹ کرتا رہا۔ پھر اس نے اپنی امی سے پیزا، زنگر برگر اور دیگر فاسٹ فوڈز میں استعمال ہونے والے لوازمات ، مسالہ جات اور دیگر اشیاء منگوا کر کھانوں کو گھر میں ہی بنوانا شروع کردیا۔

کچن میں اپنی والدہ کواپنی پسندیدہ اشیاء بنانے کی ترکیبیں بتاتا رہتا ہے اور اس کے گھر میں ہی لذیذ پیزا، برگر، فرنچ فرائز اور افغانی پلاؤتیار ہوجاتا ہے۔وہ پلے گروپ کا طالب علم ہے ۔ اس کے والدین کی خواہش ہے کہ وہ ڈاکٹر یا انجینئر بنے لیکن کچن میں اس کی دل چسپی دیکھتے ہوئے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ مستقبل میں اچھا شیف بنے گا۔ذیل میں معاذ کےتیار کردہ ’’پیزا ‘‘کی ترکیب درج ہے۔ اسے اپنے بچوں کو بنا کر کھلائیں۔ بچے بھی خوش اور آپ بھی،

پیزا میں استعمال ہونے والے اجزاء:

ہت سادہ سا یہ پیزا فوری ضرورت کے لئے آسان ہے

اجزاء:

میدہ 1کپ،بیکنگ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کے چمچے،مکھن ڈیڑھ اونس، دودھ پاؤ کپ، پیاز 1 عدد چھوٹی،ٹماٹر 2 عدد( باریک ٹکڑے کاٹ لیں)،نمک حسب ذائقہ

پنیر 3 اونس،ابلا ہوا چکن سو گرام چھوٹے ٹکڑےکرلیں،کٹی ہوئی ہری مرچ ایک عدد

بنانے کی ترکیب:

میدے میں ایک اونس مکھن بیکنگ پاؤڈر اور نمک ملا کر دودھ سے گوندھ کر ملائم کر لیں اسے بیل لیں۔ پیزا پلیٹ یا ٹرے میں ہلکا سا تیل لگا کر اس میں رکھ دیں باقی آدھا اونس مکھن پین میں گرم کر کے اس میں پیاز فرائی کر کے پیزاپر پھیلا دیں پھر پنیر پھیلا کر اس کے اوپر گوشت جال کی شکل میں پھیلا دیں اب اسے 120 سینٹی ڈگری گریڈ پر 20 منٹ کے لئے بیک کر لیں گولڈن براؤن ہونے پر نکال کر سرو کریں۔