Introducing FOUNDERS OF PAKISTAN

February 14, 2021

مصنّفین: ڈاکٹر صفدر محمود/ جاوید ظفر

صفحات: 230، قیمت: 1000 روپے

ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، والٹن روڈ، لاہور۔

یہ اِس کتاب کا دوسرا ایڈیشن ہے۔ پہلا ایڈیشن 52برس قبل 1968ء میں شایع ہوا تھا۔ یہ کتاب اُس زمانے میں لکھی گئی، جب تحریکِ پاکستان اور اُس کے بانیان کے افکار و نظریات اور خدمات سے متعلق معیاری و مستند کتب نہ ہونے کے برابر تھیں اور اس کے ذریعے وہ خلا پُر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم، اپنے معیاری مواد کے سبب نصف صدی گزرنے کے باوجود اِس کی تازگی اب بھی برقرار ہے۔ 8 ابواب پر مشتمل کتاب کا آغاز حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کی تحریک سے کیا گیا ہے، جس کا مقصد مغل حکومت کے زوال کے بعد مسلمانوں کا سیاسی غلبہ اور سماجی اصلاح تھا۔ اِسی تناظر میں حضرت شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ، شاہ اسحاق دہلویؒ، سیّد احمد شہیدؒ اور شاہ اسماعیل شہیدؒ کی حیات و خدمات کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔

اگلے باب میں سَر سیّد احمد خان کی شخصیت، اُن کے تعلیمی، سماجی اور سیاسی نظریات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ پھر نواب محسن الملک، نواب وقار الملک اور آغا خان کا تذکرہ ہے، جس میں اُن کی آل انڈیا مسلم لیگ کے قیام کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ چھٹا باب مولانا محمد علی جوہر کی صحافتی اور سیاسی خدمات، بالخصوص تحریکِ خلافت کے احوال پر مشتمل ہے۔آخری دو ابواب ڈاکٹر علاّمہ محمّد اقبال اور بابائے قوم، قائدِ اعظم، محمّد علی جناح کے لیے مختص ہیں۔ یوں تحریکِ پاکستان کے تقریباً تمام اہم گوشے اِس کتاب میں سمٹ آئے ہیں۔ جب کہ مواد کے مستند ہونے کے لیے ڈاکٹر صفدر محمود کا نام ہی کافی ہے۔