THE HOLY QURAN A CONTINUOUS MIRACLE

February 14, 2021

مصنّف: پروفیسر ڈاکٹر محمّد اکرم چوہدری

صفحات: 334، قیمت: 800 روپے

ناشر: بزمِ اقبال، کلب روڈ، لاہور

زیرِ تبصرہ کتاب دراصل قرانِ پاک کا ایک تعارف ہے، جس میں عام فہم اور بہترین ترتیب کے ساتھ قرآن پاک سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ کتاب کا آغاز اُن ہدایات کے ساتھ کیا گیا ہے، جو قرآنِ پاک کی تلاوت اور اس سے استفادے کے لیے ضروری ہیں۔ دوسرا باب نزولِ قرآن سے متعلق ہے، جس میں وحی اور اس کے نتیجے میں نمایاں ہونے والی کیفیات کا تذکرہ ہے۔ نیز، تدوینِ قرآن کی تاریخ بھی مختصر مگر جامع طور پر بیان کی گئی ہے۔ اِس ضمن میں سامنے آنے والے بعض بنیادی نوعیت کے سوالات کے جواب بھی دئیے گئے ہیں، جب کہ اسی پس منظر میں قرآنِ کریم اور دیگر آسمانی کتب کا جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے۔

قرآن فہمی کے لیے احادیثِ مبارکہؐ سے استفادہ کیوں ضروری ہے؟ اگلا باب اِس سوال کے جواب پر مشتمل ہے۔ بعد کے دس ابواب میں قرآنِ پاک کی تعلیمات کا مختلف سائنسی، لسانی اور سماجی علوم کے تناظر میں جائزہ لیا گیا ہے۔ مصنّف ماہرِ تعلیم ہیں، اِس لیے اُنھوں نے قرآنِ پاک کی درس گاہوں کا بھی جائزہ لیا ہے اور اِس ضمن میں مدارس سے متعلق کچھ تجاویز بھی دی ہیں۔اُردو زبان میں تو اِس طرح کی کتب مل جاتی ہیں، تاہم انگریزی کا دامن اس لحاظ سے کافی تنگ ہے۔ مصنّف نے کسی تنازعے یا فرقہ وارانہ بحث مباحثے میں اُلجھے بغیر قرآنِ پاک سے متعلق خاصا مواد فراہم کردیا ہے۔