میں شادی کے بعد بھی اپنی والدہ کیساتھ ہی رہوں گی: سارہ علی خان

February 09, 2021

بالی ووڈ اداکار سیف علی خان اور ماضی کی نامور اداکارہ امرتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان کہتی ہیں کہ وہ شادی کے بعد بھی اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہیں گی۔

بھارتی ویب سائٹ پر سارہ علی خان کا ایک پُرانا انٹرویو شائع کیا گیا ہے کہ جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ ’وہ والدین کی علیحدگی کے بعد بھی اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہی ہیں، اسی لیے وہ شادی کے بعد بھی اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہنا پسند کریں گی۔‘

سارہ علی خان نے کہا کہ ’وہ جب بھی اپنی والدہ سے اس بارے میں کہتی ہیں تو اُن کی والدہ ناراض ہوجاتی ہیں۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’والدہ کہتی ہیں کہ تُم شادی کے بعد میرے ساتھ نہیں بلکہ اپنے شوہر کے ساتھ رہنا۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’اُنہیں اپنی والدہ کے ساتھ گھومنا اور وقت گُزارنا بہت اچھا لگتا ہے، اگر کام کی وجہ سے وہ والدہ سے دور ہوجاتی ہیں تو اُنہیں اپنی والدہ کی بہت زیادہ یاد ستاتی ہے۔‘

سارہ علی خان نے مزید کہا کہ ’وہ اپنی والدہ سے کوئی بات نہیں چھپاتیں اور اس دنیا میں سب سے زیادہ پیار بھی ان سے ہی کرتی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اُنہیں والدہ سے بہت ڈر لگتا ہے۔‘

دوسری جانب امرتا سنگھ آج اپنی 63ویں سالگرہ منارہی ہیں اور اس موقع پر سارہ علی خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر والدہ اور چھوٹے بھائی ابراہیم کے ہمراہ اپنی کچھ تصویریں شیئر کیں۔


مذکورہ تصویروں میں امرتا سنگھ اور اُن کے دونوں بچے بےحد خوش نظر آرہے ہیں جبکہ یہ تصویریں کسی پکنک کی لگ رہی ہیں۔

سارہ علی خان نے پوسٹ کے کیپشن میں والدہ سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میری کُل کائنات کو سالگرہ مبارک ہو۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے لکھا کہ ’میری طاقت اور آئینہ بننے کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔‘

واضح رہے کہ سارہ علی خان ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’اترنگی رے‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ اکشے کمار کے ساتھ مرکزی کردار ادا کریں گی۔