• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارہ علی خان نے بھائی ابراہیم کو پہلی فلم کیلئے کیا مشورہ دیا؟

بھارتی اداکارہ سارہ علی خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے چھوٹے بھائی ابرہیم علی خان کو پہلی فلم سائن کرنے سے قبل واحد مشورہ دیں گی کہ پہلے وہ ایک مکمل اچھا انسان بنیں۔

اپنے کیریئر کی پہلی فلم ’ کیدرناتھ‘ میں آنجہانی بھارتی ہیرو سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ سارہ علی خان کا اپنے چھوٹے بھائی ابراہیم علی خان کے شوبز انڈسٹری میں پہلے قدم رکھنے سے متعلق کہا ہے کہ ’وہ ابراہیم کو ایک مشورہ دینا چاہیں گی کہ ابراہیم پہلے دنیا کو سمجھے اور جانے جتنا وہ جان سکتا ہے، ابراہیم کو پہلے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنی چاہیے، دنیا گھومنی چاہیے اور ایک مکمل اچھا انسان بننا چاہیے، پھر چاہے فلمی دنیا میں کام کرے۔‘

سارہ علی خان نے بھارتی میڈیا ای ٹائم کو انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ’ابراہیم کا حس مزاح بہترین ہے، فلمی دنیا میں آنا اچھا ہے اور وہ خوش قسمت ہوگا اگر وہ شوبز میں کام کرتا ہے تو، اگر وہ اداکاری سے متعلق کچھ مشورے چاہتا ہے تو خاندان میں بہت سے لوگ اُسے سکھانے کے لیے موجود ہیں، اُن سے بھی زیادہ تجربہ کار اور بڑا نام رکھنے والے بھارتی شوبز ستارے اُن کی فیملی میں ہیں۔‘

سارہ علی خان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب انہوں نے اس انڈسٹری میں قدم رکھا تھا تو اُنہیں بہت سے لوگ مشورے دینے والے تھے، اُنہیں لگتا ہے کہ کسی کو مشورہ دینے کی ابھی اُن کی اوقات نہیں ہے لیکن وہ اتنا ضرور کہیں گی کہ زندگی میں ہر چیز کا تجربہ کرنا چاہیے، چاہے وہ پڑھائی ہو، دنیا گھومنی ہو یا چاہے وہ کسی سے باتیں کرنا ہو اور لوگوں کو سمجھنا ہو، یہ بہت ضروری ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ بس یہی کہنا چاہیں گی، باقی ابراہیم علی خان کے پاس والد اور والدہ اور بھی بہت سے لوگ موجود ہیں جن سے وہ مشورے  لے سکتا ہے۔

تازہ ترین