ڈیرہ اسماعیل خان: قبرستان سے مردے غائب، معمہ حل نہ ہوا

February 13, 2021


ڈیرہ اسماعیل خان کے ایک قبرستان سے مردے لاپتہ ہونے کا معمہ حل نہ ہو سکا، ان پے در پے واقعات کے پیچھےکون ہے؟ کوئی جانور یا کوئی انسان نما جانور؟ انتظامیہ اب تک کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے مضافاتی علاقے کورائی میں واقع قبرستان میں قبروں سے مردے نکالنے اور قبریں کھودنے کے واقعات مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق انسان یا انسان نما جانورجو بھی ہے، وہ تازہ قبروں کو ہی کھودتا ہے۔

قبرستان سے 2 بچوں کے جسدِ خاکی غائب ہوئے، کفن اور کچھ ہڈیاں مل سکیں، جبکہ ایک خاتون کی قبر کھودی گئی لیکن میت محفوط رہی۔

پولیس نے قبرستان کا سرچ آپریشن کیا، قریب موجود غاروں کو بھی ٹٹولا تاہم کوئی شواہد نہ ملے۔

چندسال قبل ملحقہ ضلع بھکر میں 2 مردہ خور بھائیوں کے پکڑے جانے کے واقعے کی وجہ سے علاقہ مکینوں میں وسوسے بڑھ رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی طرف سے اب تک کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔