نواز شریف کا سینیٹر مشاہد اللہ خان کی وفات پر اظہار افسوس

February 19, 2021

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سینیٹر مشاہد اللّٰہ خان کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آج بہادر، باوفا ساتھی سے محروم ہو گیا ہوں۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم نے لکھا کہ ’سینیٹر مشاہد اللّٰہ خان کے انتقال کی خبر سن کر مجھے بے حد رنج ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ میں ایک ایسے ثابت قدم، بہادر، جرات مند اور باوفا ساتھی سے محروم ہو گیا ہوں جو آئین کی سربلندی اور جمہوری قوتوں کی ایک بے باک آواز تھے۔

میاں محمد نواز شریف نے سینیٹر مشاہد اللّٰہ کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے لکھا کہ ’ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔آمین‘

خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما مشاہد اللّٰہ خان 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

سینئر رہنما مشاہد اللّٰہ خان نواز شریف کے آخری دورِ حکومت میں ماحولیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر رہے اور 2009 سے پارٹی کے ٹکٹ پر مسلسل سینیٹر چلے آ رہے تھے۔