حکمرانوں کی نااہلی اور اقرباپروری نے عوام کاجینا عذاب بنادیا ہے، ناصر شاہ

February 20, 2021

صوبائی وزیراطلاعات و بلدیات سید ناصرحسین شاہ کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی نالائقی اور اقرباپروری نے عوام کا جینا عذاب بنادیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا کہ چاروں صوبوں کے ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم جماعتوں کی واضح اکثریت حکومت کے خلاف عوامی ریفرینڈم ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست خان صاحب کے لیے خاموش پیغام ہے کہ وہ اب گھر جائیں، پی ٹی آئی کے شیرو دن بھر امن و امان کو خراب کرکے عوام کو پولنگ اسٹیشن آنے سے روکتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی یوتھیوں کے آگے بے بس نظر آئیں، انشاء اللہ مارچ میں بلاول بھٹو کی قیادت میں عوام کو سلیکٹیڈ حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔

ناصرحسین شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے پی ٹی آئی بھی کرے، سندھ میں پولیس با اختیار اور آزاد ہے اگر کسی نے قانون شکنی کی ہے تو بھگتے، ریاست ماں ہوتی ہے اور ماں بچوں میں فرق نہیں کرتی۔

اُن کا کہنا ہے کہ ہم پی ٹی آئی کے کم ظرف حکمراں نہیں جو اداروں کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کریں، وفاق نے نیب اور دیگر اداروں کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا، خان صاحب اور اس کے حلیم عادل سیاستدان نہیں اداکار اور بدزبان زیادہ ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کی اتنی اوقات نہیں کہ بلاول بھٹو ان کے بارے میں سوچیں، حلیم عادل مسلسل بدزبانی کرکے چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیراعلیٰ سندھ پر بے بنیاد الزام لگارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر قیادت منع نہیں کرتی تو جیالے جواب دینا جانتے ہیں، حلیم عادل کو روزانہ میڈیا پر آکر بدزبانی کرنی ہوتی ہے جیل میں ہونے کی وجہ سے اس کے پیٹ میں مروڑ ہے۔

ناصرحسین شاہ کہتے ہیں کہ تعمیری سوچ اور سیاست پی ٹی آئی والوں کے قریب سے نہیں گزری، سندھ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے ہماری توجہ خدمت کی طرف ہے، کل پی ٹی آئی کے مظاہرے میں ہونے والی حرکات سیاسی ورکرز نہیں کرسکتے۔